پاک امریکا تعلقات میں نئے باب کا اضافہ: امریکی خام تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

امریکا سے خام تیل کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی، اسے پاکستان اور امریکا کے تجارتی تعلقات میں ایک نیا باب قرار دیا جا رہا ہے۔

پاکستان کی تاریخ میں امریکی خام تیل لے کر پہلا جہاز آج ( بدھ کو) بلوچستان کے ساحل پر واقع سینرجیکو کے سنگل پوائنٹ مورنگ (ایس پی ایم) پورٹ پر لنگر انداز ہوا، اس بحری جہاز کا نام کارگو ’ایم ٹی پیگاسس‘ تھا۔

واضح رہے کہ اگست میں یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ سینرجیکو رواں ماہ ’وِٹول‘ سے 10 لاکھ بیرل تیل درآمد کرے گا۔

سینرجیکو پاک لمیٹڈ کے نائب چیئرمین اسامہ قریشی نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار امریکی خام تیل کی کھیپ کی آمد ملک کے توانائی کے شعبے اور سینرجیکو دونوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔’

انہوں نے مزید بتایا کہ ’ نومبر کے وسط میں دوسری اور جنوری 2026 میں تیسری کھیپ آئے گی، اور اس کے ساتھ ہی یہ شپمنٹ مکمل ہوگی،’ اور یہ کہ ’ یہ تینوں کارگو مجموعی طور پر پاکستان کے امریکا کے ساتھ تجارتی توازن میں تقریباً 200 ملین ڈالر کی بہتری کا باعث بنیں گے۔’

اسامہ قریشی کے مطابق سنگل پوائنٹ مورنگ سہولت (ملک کی واحد آف شور خام تیل ہینڈلنگ ٹرمینل) کے ذریعے کمپنی بڑے بحری جہاز مؤثر طریقے سے وصول، لاجسٹک اخراجات کم، اور ریفائنری کے آپریشنز کو بہتر بنا سکتی ہے۔

نائب چیئرمین نے مزید کہا کہ ’یہ درآمدات نہ صرف پاکستان کے خام تیل کے ذرائع میں تنوع پیدا کرتی ہیں بلکہ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط اور ملک کی طویل المدتی توانائی سلامتی میں بھی کردار ادا کرتی ہیں۔‘

ستمبر میں سینرجیکو نے اپنی پہلی خریداری کو تجارتی طور پر منافع بخش قرار دینے کے بعد امریکی خام تیل کی دوسری کھیپ کا آرڈر دیا تھا، جس سے آئندہ مزید درآمدات کی راہ ہموار ہوئی تھی۔

2023 میں سینرجیکو نے نجی شعبے کی جانب سے روسی خام تیل کی پہلی کھیپ درآمد کی تھی، تاکہ ماسکو کی جانب سے تیل برآمدات پر دیے گئے رعایتی نرخوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے