راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف دو کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 20 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں شمالی وزیرستان اور درہ آدم خیل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ دوسری کارروائی درہ آدم خیل میں کی گئی، جہاں 12 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد پاکستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ مزاحمت کا خاتمہ کیا جاسکے۔
وزیراعظم کا خراج تحسین
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کے شوال اور درہ آدم خیل میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی کے لیے فورسز سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں، پوری قوم اپنے بہادر سپاہیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے اور یہ جنگ اپنے منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی۔
وزیر داخلہ کا بیان
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
انہوں نے کہا کہ 20 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت قابلِ تحسین ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فورسز نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم قابلِ فخر ہے۔
