نئی دہلی، لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب دھماکا، 12 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکے کے بعد قریبی گاڑیوں میں آگ لگ گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے بڑے پیمانے پر پھیل گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکا لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے گیٹ نمبر ایک کے قریب کھڑی ایک گاڑی میں ہوا۔ دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں افراتفری پھیل گئی اور کئی گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آ گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دہلی فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ 3 سے 4 گاڑیاں مکمل طور پر جل گئیں، جبکہ امدادی ٹیموں اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔

ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی، تاہم پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ اردگرد کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ مقامی دکاندار اور راہگیر خوفزدہ ہو کر بھاگ نکلے۔

دھماکے کے بعد لال قلعہ میٹرو اسٹیشن عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ دہلی پولیس کے اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی سیکیورٹی اداروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ دہشت گردی کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے، تاہم حتمی موقف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے