انٹیلی جنس کارروائی میں داعش خراسان کو بڑا دھچکا؛ ترجمان گرفتار

انٹیلی جنس کارروائی میں داعش خراسان کو بڑا دھچکا؛ ترجمان گرفتار

پاکستانی حکام کی مؤثر کارروائیوں کے باعث داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر کمزور کردیا گیا۔

پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے داعش خراسان (آئی ایس آئی ایس کے) کے ترجمان اور تنظیم کے آفیشل میڈیا وِنگ الاعظائم فاؤنڈیشن کے بانی سلطان عزیز اعظّام کو گرفتار کرلیا ہے جسے دہشت گرد تنظیم کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

الاعظائم فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی، نظریاتی پراپیگنڈا اور میڈیا سرگرمیوں کا مرکزی نیٹ ورک سمجھی جاتی تھی۔ سلطان عزیز اعظّام کی گرفتاری کے بعد تنظیم کی میڈیا سرگرمیاں بھی معطل ہوگئی ہیں جس سے داعش کے پروپیگنڈا ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی سولہویں رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کی مؤثر کارروائیوں کے باعث داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کو عالمی سطح پر کمزور کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کئی منصوبہ بند دہشت گرد حملے ناکام بنائے گئے جب کہ تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

مئی 2025 میں سلطان عزیز اعظّام اور داعش کے سینئر رہنما ابو یاسر الترکی کی گرفتاری جیسے اقدامات کے نتیجے میں تنظیم کی آپریشنل صلاحیت شدید متاثر ہوئی ہے جب کہ اہم کمانڈرز اور نظریاتی رہنماؤں کو بھی نیوٹرلائز کیا جاچکا ہے۔

ان کارروائیوں کے باعث داعش خراسان کے اہم پراپیگنڈا پلیٹ فارمز جن میں ’’وائس آف خراسان‘‘ بھی شامل ہے، غیر فعال ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ میڈیا میں سرگرم ہونے سے قبل سلطان عزیز اعظّام افغانستان کے ننگرہار صوبائی کونسل کے مشیر کے طور پر بھی کام کرچکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے