وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبر پختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان آپریشنز میں فتنۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا کہ عزم و استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر 5 دسمبر کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
