’’مائنس بانی‘‘ پی ٹی آئی قابل قبول ہے، عطا تارڑ
جب تک پی ٹی آئی والے معافی نہیں مانگتے ان سے بات نہیں ہوگی، عطا تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے دوٹوک کہا ہے کہ جب تک پی ٹی آئی والے معافی نہیں مانگتے ان سے بات نہیں ہوگی تاہم ’’مائنس بانی‘‘ پی ٹی آئی قابل قبول ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بول نیوز کے پروگرام بول رپورٹس ود بتول راجپوت میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس حوالے سے بالکل کلئیر ہوں کہ ایسے گروہ پر پابندی لگنی چاہیے جو کہ انتہا پسند، انتشار پسند اور دہشت گردوں کے حامی کےخلاف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسامہ بن لادن کو شہید کہیں، احسان اللہ احسان کی اسپیس کرائی اور جو طالبان کو اپنا دوست سمجھیں ان پر ضرور پابندی لگنی چاہیے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جب تک تحریک انصاف کے لوگ اس بیانیے سے خود کو الگ نہیں کرتے جو فوج کے سربراہ اور اس ملک کی سالمیت کے خلاف چل رہا ہے۔ اس پر معذرت کا اظہار نہیں کرتے اور اس پر معافی نہیں مانگتے تب تک ان سے کوئی بات نہیں ہوگی۔
عطا تارڑ نے واضح کہا ’’مائنس بانی‘‘ پی ٹی آئی قابل قبول ہے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے حکومت کے پاس آپشن موجود ہیں لیکن یہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے رویے پر منحصر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پر پابندی کی باتیں قبل از وقت ہیں لیکن پی ٹی آئی والے خود اپنی سیاسی خودکشی کرنے کے مشن کی طرف گامزن ہیں۔
