جنرل ساحر شمشاد مرزا کا سعودی عرب کا سرکاری دورہ، کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر سے نوازا گیا

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض الحامد الرویلی سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو “کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر (ایکسیلنٹ کلاس)” سے نوازا گیا۔

 یہ اعلیٰ اعزاز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان عسکری تعلقات کے فروغ میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔

سعودی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کردار کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

اس موقع پر سعودی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعاون کو نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے