حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ چند منٹ کی چہل قدمی سے دل کی بیماریوں کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوسکتا ہے۔
طبی ویب سائٹ پر شائع تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ چند منٹ کی چہل قدمی کرنا دل اور شریانوں کی صحت کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق وہ لوگ جو روزانہ کم از کم 10 سے 15 منٹ تک لگاتار چہل قدمی کی عادت رکھتے ہیں، ان میں دل کے امراض اور قبل از وقت موت کے امکانات ان لوگوں کے مقابلے میں کم ہوتے ہیں جو دن بھر میں صرف چند قدم تھوڑے تھوڑے وقفے سے چلتے ہیں۔
تحقیق میں شامل ہزاروں افراد کے روزمرہ چلنے کے معمولات کا جائزہ لیا گیا، نتائج سے معلوم ہوا کہ صرف قدم گننا کافی نہیں، بلکہ لگاتار چہل قدمی کا دورانیہ زیادہ اہم ہے، یعنی اگر آپ روز صرف ایک بار 10 سے 15 منٹ کے لیے تیز یا درمیانی رفتار سے چلیں تو یہ دل کی صحت کے لیے بہتر اثرات رکھتا ہے۔
ماہرین کے مطابق چہل قدمی کرنے سے نہ صرف دل مضبوط ہوتا ہے بلکہ وزن قابو میں رہتا ہے، ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور جسم میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔
البتہ اگر آپ کو پہلے سے دل، جوڑوں یا پھیپھڑوں کی کوئی بیماری ہے تو کسی بھی نئی ورزش یا چہل قدمی شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔
ماہرین نے زور دیا کہ روزانہ تھوڑی سی چہل قدمی بڑی بیماریوں سے بچاؤ کا آسان طریقہ ہے۔
