ہواوے نے جذبات سمھجنے والا پالتو روبوٹ متعارف کرادیا
اسمارٹ ہان ہان کا مقصد تفریح سے زیادہ جذباتی سپورٹ فراہم کرنا ہے۔
ہواوے نے میٹ 80 سیریز کی تقریب میں اپنا پہلا اے آئی سے چلنے والا جذباتی کمپینین پالتو روبوٹ ’’اسمارٹ ہان ہان‘‘ متعارف کرادیا۔
یہ ڈیوائس ہواوے مال پر 56 ڈالر کی قیمت میں فروخت کے لیے پیش کی گئی اور لانچ کے فوراً بعد اس کے تینوں رنگوں کے ماڈلز مکمل طور پر فروخت ہوگئے ہیں۔
ڈیزائن اور انٹریکشن فیچرز
اسمارٹ ہان ہان کو ایک چھوٹے نرم کھلونے کی شکل میں تیار کیا گیا ہے جس کا مقصد تفریح سے زیادہ جذباتی سپورٹ فراہم کرنا ہے۔ اس کے سائز 80×68×82 ملی میٹر ہیں جب کہ اعضاء کے بغیر وزن 140 گرام ہے۔
اس کی تیاری میں پلس فیبرک، سلیکون، پلاسٹک اور اندرونی الیکٹرانکس شامل ہیں جس سے یہ نرم اور جذباتی تاثرات دینے کے قابل بنتا ہے۔
یہ کمپینین ڈیوائس ہواوے کے Xiaoyi بڑے اے آئی ماڈل پر چلتی ہے جو قدرتی انداز میں گفتگو کرنے، جذباتی اشاروں کو سمجھنے اور بات چیت کے انداز کے مطابق ردعمل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ہان ہان آواز، لمس اور حرکت پر ردعمل دیتا ہے۔ اس کے سر پر تھپتھپانے یا سہلانے سے چہرے کے تاثرات بدل جاتے ہیں جب کہ ہلانے پر یہ پرجوش ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
بیٹری لائف اور کنیکٹیویٹی
اسمارٹ ہان ہان میں 1,800ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے جو مسلسل 6 سے 8 گھنٹے تک انٹریکشن فراہم کرتی ہے جب کہ عام استعمال میں یہ 48 گھنٹے سے زیادہ چل سکتی ہے۔ مکمل چارج ہونے میں تقریباً چھ گھنٹے لگتے ہیں۔
یہ اے آئی کمپینین HarmonyOS 5.0 یا اس سے جدید ورژن پر کام کرتا ہے اور Mate 80، Mate 80 Pro، Mate X7 اور Mate 80 RS جیسے ڈیوائسز کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
اسمارٹ فون سے منسلک ہونے پر یہ ایک ایموشنل ڈائری بھی بناتا ہے جو روزمرہ کی گفتگو اور انٹریکشن کو بطور یادداشت محفوظ کرتی ہے۔ خریداروں کو تین ماہ کی سپر وی آئی پی ممبرشپ بھی ملتی ہے جس میں لامحدود گفتگو کے ’’انرجی پوائنٹس‘‘ شامل ہیں۔
