اداکارہ ماورا حسین نے انکشاف کیا ہے کہ جیسے ہی ان کی عمر 25 برس ہوئی، ہر کوئی ان سے شادی سے متعلق سوال کرنے لگا، جس وجہ سے وہ پریشان بھی رہیں۔
ماورا حسین نے حال ہی میں ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ان سے شادی کے بعد کی زندگی سے متعلق بھی پوچھا گیا۔
اداکارہ نے تقریب میں مسکراتے ہوئے بتایا کہ ابھی ان کی شادی کو زیادہ عرصہ نہیں گزارا، انہیں کچھ ہی وقت ہوا ہے، ابھی ان کے پاس سنانے کو زیادہ کہانیاں نہیں ہیں۔
تقریب کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں اداکارہ نے شادی سے قبل کے معاملات پر بھی بات کی اور بتایا کہ کس طرح رشتے دار اور خاندان والے ان پر شادی کا دباؤ ڈالتے تھے۔
ماورا حسین نے بتایا کہ جیسے ہی ان کی عمر 25 برس ہوئی، ہر کوئی ان سے شادی سے متعلق سوال کرنے لگا۔
ان کا کہنا تھا کہ خالہ، پھوپھیوں اور دوسری قریبی رشتے دار خواتین ان سے شادی کا پوچھنے لگیں اور کہنے لگیں کہ وہ شادی کب کر رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ قریبی رشتے داروں کے سوالات کے باوجود انہوں نے پریشر نہ لیا اور انہوں نے درست وقت کا انتظار کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے شادی کے لیے تقریبا سات سال انتظار کیا اور وقت لے کر صحیح شریک حیات ملنے پر انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔
ماورا حسین نے نوجوان لڑکیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ اپنی قدر کرنا سیکھیں، وہ اپنی اہمیت کو سمجھیں، کسی کے دباؤ میں آکر جلد بازی میں فیصلہ نہ کریں۔
انہوں نے لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ درست وقت اور ساتھی ملنے پر ایسے شخص کا انتخاب کریں جو ان کا قدر کرتا ہو۔
خیال رہے کہ ماورا حسین نے ساتھی اداکار امیر گیلانی سے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد فروری 2025 میں شادی کی تھی۔
نومبر 2025 کے آغاز میں ایک انٹرویو میں بھی ماورا حسین نے لڑکیوں پر زور دیا تھا کہ وہ شادی کرنے کا فیصلہ جلد بازی میں نہ کریں، وہ سوچ سمجھ کر شریک حیات کا انتخاب کریں۔
