آسٹریلیا نے پہلے ٹی20 اوور 40 ورلڈکپ کا ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میں پاکستان کو شکست ہوگئی۔
آسٹریلیا نے پیر کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر آئی ایم سی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔
151 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے اسٹیو ناٹل نے 40 گیندوں پر 47 رنز اسکور کیے، جب کہ اسٹیون پالسن نے 34 گیندوں پر 42 قیمتی رنز جوڑے جب کہ میچ کے آخری لمحات میں ناصر جلیل نے صرف 10 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آسٹریلیا کی فتح یقینی بنا دی۔
پاکستان کی جانب سے فواد عالم نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، لیکن وہ ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 150 رنز اسکور کیے۔
تاہم، آسٹریلیا کے مارک کلیری نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔
پاکستان کی جانب سے ندیم جاوید (24)، فواد عالم (24) اور عبدالرزاق (19) نے مفید اننگز کھیلیں، مگر پوری ٹیم 20 اوورز میں 150 رنز بنا سکی۔
آئی ایم سی اوور 40 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2025 میں 12 بین الاقوامی ٹیموں نے حصہ لیا، جب کہ مجموعی طور پر 42 میچز کراچی کے مختلف مقامات پر منعقد ہوئے۔
