سینئر اداکار نیر اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ سینئر فلم اسٹار ندیم، شان اور اداکارہ سونیا حسین شوٹنگ سیٹ پر تاخیر سے آتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے تینوں اداکاری کی اداکاری کی تعریفیں بھی کیں۔
نیر اعجاز نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی اور انڈسٹری کے حوالے سے بھی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بولی وڈ بھی پسند ہے لیکن وہ لولی وڈ پاکستانی فلموں کے بھی مداح ہیں اور دونوں انڈسٹری میں کام کرتے رہنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ بھارتی فلم ساز پریا درشن اور اداکارہ کمل ہاسن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے، انہیں کمل ہاسن کی اداکاری نیچرل لگتی ہے۔
پروگرام میں انہوں نے لولی وڈ کی تباہی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو برباد کرنے میں سب کا کردار رہا ہے، کسی نے انڈسٹری کو بہتر اور مضبوط بنانے کی کوشش اور خواہش نہیں رکھی۔
ان کے مطابق عام طور پر ایسا ہوتا ہے جو سپر اسٹار بن جاتا ہے، جس کی فلمیں چلنے لگی ہیں اور جس کی فلمیں زیادہ آنے لگتی ہیں، وہ شخص پھر انڈسٹری کو اپنے حساب سے چلانے کی کوشش کرتا ہے، وہ فیصلہ کرتا ہے کہ اسے تاخیر سے آنا اور جلد جانا ہے۔
نیر اعجاز نے یہ بھی کہا کہ متعدد اداکاروں نے انہیں ڈراموں سے نکلوایا، کیوں کہ وہ ان کی اداکاری سے خود کو غیر محفوظ تصور کرتے تھے، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کرداروں کو عام افراد جیسا رکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے لیے وہ گلی، محلوں اور دکانوں پر ملنے والے عام افراد کے لہجے، چلنے کے انداز اور بول چال کو نوٹ کرکے کرداروں میں ڈھالنے کی کوشش کرتے ہیں۔
نیر اعجاز نے بتایا کہ وہ ایک ہی شادی کے قائل ہیں، انہوں نے کبھی دوسری شادی کا سوچا، نہ ان کا اراد ہے۔
ان کے مطابق انہیں دوسری شادی کے لیے کوئی نہ کوئی سبب یا بہانا چاہیے لیکن ان کے پاس ایسا کوئی جواز نہیں کہ وہ دوسری شادی کریں، وہ مشرقی مرد ہیں، وہ ایک ہی بیوی سے بہت خوش اور پرسکون ہیں۔
کون سے ادکار اور اداکارائیں شوٹنگ سیٹ پر تاخیر سے آتے ہیں کہ سوال کے جواب میں نیر اعجاز نے کہا کہ سینئر اداکار ندیم بیگ، فلم اسٹار شان تاخیر سے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک اور خوبصورت اور بہترین اداکارہ سونیا حسین بھی شوٹنگ سیٹ پر تاخیر سے آتی ہیں۔
انہوں نے تینوں اداکاروں کی جانب سے شوٹنگ سیٹ پر تاخیر سے آنے کا شکوہ کرتے ہوئے ان کی اداکاری اور رویے کی تعریفیں بھی کیں۔
