پاکستان کا اگلے تین سال میں 2.75 ارب ڈالر مالیت کے انٹرنیشنل بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ

پاکستان کا اگلے تین سال میں 2.75 ارب ڈالر مالیت کے انٹرنیشنل بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ

اس ماہ کے آخر یا فروری میں پانڈا بانڈ کے طور پر 25 کروڑ ڈالر مالیت کے بانڈ کے اجراء کی تیاری جاری۔

اسلام آباد: وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اگلے تین سال میں بین الاقوامی مارکیٹ سے 2.75 ارب ڈالر مالیت کے بانڈز جاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ اس ماہ کے آخر یا فروری میں پانڈا بانڈ کے طور پر 25 کروڑ ڈالر مالیت کے بانڈ کے اجراء کی تیاری جاری ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پانڈا بانڈز کی مالیت بتدریج بڑھاکر ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے اور اس سلسلے میں نہ صرف چینی مارکیٹ بلکہ دیگر بین الاقوامی سرمایہ کاری کی منڈیوں سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال تک بانڈز کا حجم ایک ارب ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جب کہ مالی سال 2027-28 میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں مزید 1.5 ارب ڈالر مالیت کے بانڈز جاری کرنے کا پلان موجود ہے۔

بین الاقوامی بانڈز کے اجراء سے بیرونی کمرشل فنانسنگ میں بہتری آئے گی اور آنے والے برسوں میں ملک کی مالیاتی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید بتایا گیا کہ عالمی ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آرہی ہے اور میکرو اکنامک صورت حال میں مزید استحکام آنے سے بیرونی فنانسنگ کے مواقع بہتر ہوں گے۔

یہ اقدامات ملک میں مالی استحکام کو بڑھانے اور بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھولنے کے ضمن میں اہم تصور کیے جارہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے