راولپنڈی ٹیسٹ: ٹاپ آرڈر کی ناکامی پر پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، 94 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ

راولپنڈی ٹیسٹ میں تیسرے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنا لیے ہیں، گرین شرٹس کو پروٹیز کیخلاف 23 رنز کی معمولی برتری حاصل ہو گئی، ٹاپ آرڈر بیٹر بابر اعظم 49 رنز بنا کر جب کہ محمد رضوان 16 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کی 71 رنز کی برتری کے بعد دوسری اننگز میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام نظر آیا، صرف 16 کے مجموعے پر قومی ٹیم کے 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے، امام الحق 9، عبداللہ شفیق 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان شان مسعود کھاتا بھی کھول نہ سکے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 11 رنز بنا کر واپس لوٹے۔

اس سے قبل، پہلی اننگز میں پاکستان کے 333 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 404 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی، مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 71 رنز کی برتری حاصل کی، پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر آصف آفریدی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تیسرے دن جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز سے کھیل کا آغاز کیا، تو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر مجموعی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر 10 بنانے والے کائل ویرینے آصف آفریدی کی گیند پر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

مجموعی اسکور میں 19 رنز کے اضافے کے بعد 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے نصف سنچری اسکور کرنے والے ٹرسٹن اسٹبز 76 رنز بناکر آصف آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

210 کے مجموعی اسکور پر سائمن ہرمر بھی 2 رنز بنانے کے بعد آصف آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، یوں 38 سال کی عمر ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے لیفٹ آرم آف اسپنر آصف آفریدی اپنے پہلی ہی میچ میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوگئے۔

235 کے مجموعے پر اسپنر نعمان علی نے مارکو جینسن کو ایل بی ڈبلیو کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کرلی، سینوران متھوسوامے اور کیشو مہاراج نے نویں وکٹ کیلئے 71 رنز کی شراکت قائم کی اور متھوسوامے نے پاکستان کے خلاف پہلی نصف سنچری بنائی۔

306 کے مجموعی اسکور پر کیشو مہاراج 30 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپ ہوگئے۔

10 ویں وکٹ کے لیے سینوران متھوسوامے اور کگیسو ربادا نے 98 رنز کی شراکت قائم کی، 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنانے والے کگیسو ربادا آصف آفریدی کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے جبکہ سینوران متھوسوامے 8 چوکوں کی مدد سے 89 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف 71 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے 6، نعمان علی نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور ساجد خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو رائن ریکلٹن 14 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوگئے تھے، ایڈن مارکرم بھی 32 رنز بناکر ساجد خان کے ہاتھوں وکٹ گنوانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔

ٹرسٹن اسٹبز اور پہلے ٹیسٹ میچ سنچری بنانے والے ٹونی ڈی زورزی نے اچھی شراکت قائم کی تاہم، ٹونی ڈی زورزی نصف سنچری بنانے کے بعد 55 رنز پر آصف آفریدی کی پہلی وکٹ بن گئے جب کہ ڈیوالڈ بریوس کو کھاتہ کھولے بغیر آصف آفریدی نے ہی پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے تھے اور ٹرسٹن اسٹبز 68 اور وکٹ کیپر بلے باز کائل ویرین 10 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی، کپتان شان مسعود 87، سعود شکیل 66 اور سلمان علی آغا 45 رنز بناکر نمایاں رہے تھے جبکہ کیشو مہاراج نے 7، سائمن ہرمر نے 2 اور کگیسو ربادا نے ایک کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے