اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم پارلیمنٹ کو معتبر اور بااختیار بنانے کےلیے ہے جب کہ پاکستان سکیورٹی کے معاملے میں جن حالات سے گزر رہا ہے ایسی صورتحال میں عسکری ادارے کا مضبوط و منظم ہونا بہتر قومی مفاد میں ہے۔
لاہور میں نجی تعلیمی ادارے کی تقریب سے خطاب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ میرا سپہ سالار بھارت کو شکست دے رہا ہے اور رافیل طیارے گرا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرتے تھے آج جب پارلیمان حقیقت میں مضبوط ہونے جا رہی ہے تو پھر ان پر تنقید کیوں کی جارہی ہے۔
ملک محمد احمد خان نے 27ویں آئینی ترمیم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو 27ویں آئینی ترمیم سمیت 243 میں ترمیم کی جتنی آج ضرورت ہے اتنی پہلے کبھی نہیں تھی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سکیورٹی کے معاملے میں جن حالات سے گزر رہا ہے ایسی صورتحال میں عسکری ادارے کا مضبوط و منظم ہونا بہتر قومی مفاد میں ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کا مستقبل ہیں، علم و تدریس پر توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ پاکستان کی باگ دوڑ آپکے ہاتھ میں آنی ہے۔
