شہر قائد میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ رک نہ سکا، 11 ماہ میں 827 افراد جان سے گئے

شہر قائد میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ رک نہ سکا، 11 ماہ میں 827 افراد جان سے گئے

سب سے زیادہ خوفناک کردار قاتل ڈمپرز، ٹینکرز اور ٹریلرز کا رہا

شہر میں ٹریفک حادثات کا خونی سلسلہ تھم نہ سکا، جبکہ ہیوی ٹریفک کو قابو میں رکھنے کے پولیس کے تمام دعوے بے اثر ثابت ہو گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق قتل ٹریفک نے صرف 11 ماہ اور 16 دن کے دوران 827 شہریوں کی جانیں لے لیں، جس سے شہر کی سڑکیں مسلسل موت کے منظر پیش کرتی رہیں۔

ٹریفک قوانین کو روندتے ہوئے قاتل ڈمپرز اور دیگر ہیوی گاڑیوں نے 250 افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ خوفناک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں مرد، خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں، جو اس سانحے کو مزید دل دہلا دینے والا بنا دیتے ہیں۔

سرکاری اعداد کے مطابق مختلف ٹریفک حادثات میں 11 ہزار 700 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ٹائروں تلے کچلے جانے والوں میں 647 مرد، 85 خواتین اور 95 بچے اور بچیاں شامل ہیں۔

ہیوی ٹریفک کی تفصیلات بھی ہولناک تصویر پیش کرتی ہیں جس کے مطابق بسوں کے حادثات میں 33 افراد جاں بحق ہوئے، منی بسوں سے 11، کوچز سے 6 اور مزدا ٹرکوں سے 20 افراد لقمہ اجل بنے۔

سب سے زیادہ خوفناک کردار قاتل ڈمپرز، ٹینکرز اور ٹریلرز کا رہا، ٹریلرز کی زد میں آ کر 96 افراد، ڈمپرز سے 43 اور واٹر ٹینکرز نے 58 افراد کی زندگی کے چراغ گل کیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے