پشاور: پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان کے سسرالی گھر پر حملہ، فائرنگ سے ایک شخص زخمی

نامعلوم حملہ آوروں نے منگل کی صبح پشاور کے مضافاتی علاقے حیات آباد میں پاکستان تحریک انساف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر خرم ذیشان کے سسرالی گھر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق، خرم ذیشان اکتوبر میں خیبر پختونخوا سے جنرل سیٹ پر سینیٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے، یہ نشست پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

تتارہ تھانے میں درج واقعہ کی رپورٹ کے مطابق، حملہ تقریباً صبح 3 بج کر 15 منٹ پر ہوا، جس میں نامعلوم حملہ آوروں نے حیات آباد کے فیز 2 میں واقع گھر پر فائرنگ کی۔

پولیس کے مطابق سینیٹر کے برادر نسبتی سید اظہر حسین بخاری نے بتایا کہ وہ اپنے گھر پر موجود تھے جب یہ حملہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گھر میں کام کرنے والے ایک شخص ابرار احمد کو فائرنگ میں گولی لگی اور وہ زخمی ہو گیا، اس واقعے میں ان کی پراپرٹی کو بھی نقصان پہنچا۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے ترجمان اکرام کھٹانہ نے بھی حملے کی تصدیق کی اور بتایا کہ سینیٹر اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے، انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے گھر والوں کو دروازہ کھولنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کی، لیکن انکار پر فائرنگ شروع کر دی۔

سینیٹر ذیشان نے اب تک تبصرے کے لیے کوئی جواب نہیں دیا۔

گزشتہ ماہ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی انور زیب خان کے رہائشی گھر پر خارشگان تحصیل کے علاقے میں مبینہ کواڈروپٹر حملے کے دوران ان کے ایک پرائیویٹ گارڈ بھی زخمی ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے