معروف یوٹیوبر، ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر پیاری مریم دوران زچگی انتقال کر گئیں، جس پر ان کے مداح افسردہ دکھائی دیے۔
پیاری مریم اپنے سادہ مواد اور الفاظ کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی تھیں، ان کے ولاگز کو بہت زیادہ پسند کیا جاتا رہا ہے۔
پیاری مریم شوہر سمیت سسرالیوں اور اپنے والدین کے گھر میں بھی ولاگز بناتی دکھائی دیتی تھیں جب کہ وہ دیگر مواقع پر بھی ولاگز بناتی رہتی تھیں۔
پیاری مریم یوٹیوب سمیت انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر بھی یکساں مقبول تھیں اور ان کے فیملی ولاگز کو باقیوں کے مقابلے زیادہ اچھا سمجھا جاتا تھا اور ان کی تعریفیں کی جاتی رہتی تھیں۔
پیاری مریم امید سے تھیں اور وہ اپنے ہاں متوقع بچوں کی پیدائش سے متعلق بھی متعدد ولاگز بنا چکی تھیں اور اپنی صحت سے متعلق بھی مداحوں کو آگاہ کرتی رہتی تھیں۔
پیاری مریم نے اپنے ولاگز میں بتایا تھا کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش متوقع ہے جب کہ انہوں نے اپنے کسی بھی ولاگ میں اپنی صحت خراب ہونے سے متعلق نہیں بتایا تھا، البتہ حمل کی وجہ سے ہونے والی عام اور چھوٹی پیچیدگیوں سے متعلق بتاتی رہتی تھیں۔
پیاری مریم اپنے شوہر احسن علی کے ہمراہ ولاگز بناتی تھیں اور انہوں نے بھی اہلیہ کے انتقال کی انسٹاگرام اسٹوری لگائی۔
پیاری مریم کے آفیشل انسٹاگرام سے بھی ان کے انتقال کی اسٹوری شیئر کی گئی، جس میں انفلوئنسر کی مغفرت کے لیے بھی دعاؤں کی اپیل کی گئی۔
علاوہ ازیں سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر زی خان نے بھی پیاری مریم کے انتقال سے متعلق ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ وہ دوران زچگی پیچیدگیوں کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پیاری مریم کے بچوں کو بھی نہیں بچایا جا سکا، تاہم اس حوالے سے ان کے خاندان کی جانب سے کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔
