معروف بولی وڈ اداکارہ رشمیکا مندانا نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے غلط استعمال پر سخت اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اے آئی کے غلط استعمال کرنے والوں کو سزا دی جانی چاہے۔
’دی ہندو‘ کے مطابق رشمیکا مندانا نے ایکس پوسٹ میں اے آئی کے ذریعے ڈیپ فیک اور اداکاراؤں کی نامناسب ویڈیوز اور تصاویر بنانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ہوئے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے خصوصی طور پر ایسی ویڈیوز اور ڈیپ فیک بنانے کی مذمت کی جو عورتوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ اے آئی ترقی کی طاقت ہے لیکن اسے فحش مواد بنانے اور عورتوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کرنا بعض لوگوں میں گہرے اخلاقی زوال کی نشانی ہے، یاد رکھیں، انٹرنیٹ اب سچائی کا آئینہ نہیں رہا۔
انہوں نے لکھا کہ ہمیں غلط استعمال سے اوپر اٹھنا چاہیے اور اے آئی کو ایک معزز اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔
رشمیکا مندانا نے لکھا کہ اگر لوگ انسانوں کی طرح برتاؤ نہ کریں تو انہیں سخت اور ناقابل معافی سزا ملنی چاہیے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سینٹر کا آفیشل ہینڈل بھی ٹیگ کیا۔
خیال رہے کہ نومبر 2023 میں رشمیکا مندانا کی ایڈیٹ شدہ ڈیپ فیک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں کسی دوسری خاتون کا دھڑ لگایا گیا تھا اور ویڈیو میں خاتون کو انتہائی بولڈ لباس میں دکھایا گیا تھا۔
