ایم ٹی وی کا اپنے عالمی آپریشنز بند کرنے کا اعلان

میوزک کی دنیا میں انقلاب برپا کرنے والے امریکی ٹی وی چینل ’ایم ٹی وی‘ نے نصف صدی بعد اپنے تقریبا عالمی آپریشنز بند کرنے کا اعلان کردیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق 1981 میں اپنی شروعات کے وقت ’وڈیو کلڈ دی ریڈیو اسٹار‘ کی نشریات سے دنیا بھر میں موسیقی کی ایک نئی لہر چلانے والا ایم ٹی وی چینل اب اپنے سنہری دور کو الوداع کہنے کی تیاری کر رہا ہے۔

پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کی ملکیت والا یہ مشہور چینل 2025 کے آخر تک اپنی بین الاقوامی موسیقی نشریات کو بند کردے گا، جس کا باضابطہ اعلان بھی کردیا گیا۔

کمپنی کے مطابق برطانیہ، فرانس، جرمنی، پولینڈ، آسٹریلیا اور برازیل جیسے ممالک میں ایم ٹی وی میوزک، ایم ٹی وی ہٹس اور 80 کی دہائی و 90 کی دہائی کے مشہور پروگرامز کا خاتمہ ہو جائے گا۔

ایم ٹی وی کی یہ تبدیلی ڈیجیٹل اسٹریمنگ کی دنیا میں یوٹیوب اور ٹک ٹاک جیسے پلیٹ فارمز کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا نتیجہ ہے، جو فوری اور انٹرایکٹو مواد فراہم کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایم ٹی وی کی ’م‘ کا مطلب موسیقی تھا، جو اب مکمل طور پر غائب ہو چکا ہے۔

برطانیہ میں جولائی 2025 تک ایم ٹی وی میوزک کی رسائی صرف 13 لاکھ گھرانوں تک محدود ہو گئی تھی، جو 2001 میں ایک کروڑ زائد گھرانوں کی رسائی کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

یکم اگست 1981 کو اپنی پہلی نشریات شروع کرنے والے اس چینل نے موسیقی، فیشن، فلموں اور نوجوان کلچر کو نئی شکل دی۔

سال 1984 کے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز میں مائیکل جیکسن کی ’تھرلر‘ اور میڈونا کی ’لائیک اے ورجن‘ جیسی پرفارمنس نے اسے عالمی شہرت بخشی، 90 کی دہائی میں یورپ میں ’پارٹی زون‘ جیسے پروگرامز نے ڈانس اور کلب کلچر کو فروغ دیا۔

سال 2000 کی دہائی میں ریئلٹی ٹیلی ویژن کی طرف مائل ہونے اور علاقائی ذیلی چینلز میں تقسیم ہونے سے ایم ٹی وی کی اصل شناخت کمزور پڑ گئی۔

پیراماؤنٹ اسکائی ڈانس کے ساتھ الحاق کے بعد لاگت میں کمی کے لیے 1000 ملازمین کی برطرفی سمیت دیگر اقدامات کیے گئے ہیں جب کہ امریکا میں کچھ موسیقی چینلز برقرار رکھے جائیں گے لیکن برطانیہ کا مرکزی ایم ٹی وی ایچ ڈی چینل اب تفریحی مواد پر مرکوز رہے گا۔

مداحوں اور سابق عملے کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پیراماؤنٹ ایم ٹی وی کے آرکائیوز ٹیپس کو عوام کے لیے دستیاب کرے تاکہ اس کی یادگار وراثت محفوظ رہے۔

ایم ٹی وی کا خاتمہ نہ صرف موسیقی کی نشریات بلکہ ایک دور کا خاتمہ ہے جو کروڑوں نوجوانوں کی زندگیوں کو متاثر کر گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے