کراچی: میئر کراچی نے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے ابراہیم کے لواحقین سے معافی مانگ لی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے ابراہیم کے لواحقین سے معافی مانگ لی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق میئرکراچی مرتضٰی وہاب جاں بحق ہونے والے بچے ابراہیم کے گھر پہنچے، لواحقین سے ملاقات کی اور ساتھ ہی واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بطور میئر کراچی میں کامیاب نہیں ہوسکا اس لیے ندامت کا اظہار کر رہا ہوں، بلیم گیم سے آگے نکل کر ذمہ داری لیتا ہوں، الزام تراشی کو پیچھے رکھ کر اوپر والے سے اور ان کے گھر والوں سے معافی چاہتا ہوں۔

میئر کراچی نے کہا کہ معاشرے میں بہتری کے لیے متاثرہ خاندان کی گزارشات پوری کرنے کی کوشش کروں گا، جو کمی کوتاہی ہے ہم چاہتے ہیں آگے نہ ہوں۔

انہوں نے کہا ابراہیم کے خاندان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، اتنے بڑے نقصان کے باوجود ابراہیم کے دادا بہت شفقت سے پیش آئے، کسی کی بھی ذمہ داری تھی میں اس میں نہیں جانا چاہتا، میں نے صرف ان سے اپنے لیے معافی مانگی ہے، خاندان کے درد پر اللہ سے ان کے لیےصبر مانگتا ہوں، بحیثیت والد متاثرہ خاندان کے درد کے بارے میں سوچ سکتا ہوں۔

اس موقع پر بچے کے دادا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی نے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے، کچھ افسران کو معطل کیا گیا، مرتضیٰ وہاب کی یقین دہانی پر اطمینان ہے۔

واضح رہے کہ گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب اتوار (30 نومبر) کی رات 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر گٹر میں گر گیا تھا، بچے کی والدہ کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

اہلخانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری بلاکر 3 سالہ ابراہیم کی تلاش شروع کی تھی، تاہم پوری رات گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا تھا، پیر کو واقعے کے 14 گھنٹے بعد مقامی نوجوان نے بچے کی لاش جائے حادثہ سے تقریبا ایک کلومیٹر کے فاصلے پر نالے سے تلاش کرلی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے