دوسرا ون ڈے: ویرات کوہلی کی سنچری راہیگاں، جنوبی افریقہ کی بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست

جنوبی افریقہ نے دوسرے ون ڈے میچ میں بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک،ایک سے برابر کر دی ہے۔

رائے پور میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پروٹیز نے 358 رنز کے بڑے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کیا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 4 گیندیں قبل ہی فتح اپنے نام کر لی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم نے شاندار 110 رنز کی اننگز کھیل کر بڑے ٹارگٹ کو آسانی سے حاصل کرنے میں مدد فراہم کی، میتھیو بریٹزکے 68 اور ڈیوالڈ برویس 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان ٹمبا باووما 46 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

بھارت کی طرف سے پریساد کرشنا اور ارشدیپ سنگھ نے 2،2، ہرشیت رانا نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی اور رتوراج گایئکواڈ کی شاندار سنچریوں کی بدولت 358 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، کپتان کے ایل راہول 66 بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانس نے 2 اور لنگی نگیڈی اور نیدرے برجر نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

واضح رہے کہ بھارت نے ویرات کوہلی کی ریکارڈ 52ویں ایک روزہ سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کو پہلے مقابلے میں 17 رنز سے شکست دی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے