کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں نیپا کے قریب بچے کے گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے کی تحقیقات مکمل کرلی گئی، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی ) کی تحقیقاتی رپورٹ سیکریٹری بلدیات کو ارسال کردی گئی، بی آر ٹی ریڈ لائن کی تعمیرات کو حادثے کی وجہ قرار دے دیا گیا۔
سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کے مطابق میئر کراچی کے حکم پر میونسپل سروسز نے بچے کی تلاش کا آپریشن شروع کیا، تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچے کی لاش گلشن اقبال کے لنک نالے سے برآمد ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ بی آر ٹی تعمیرات تھیں، بی آر ٹی کی کھدائی نے نکاسی کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا، عارضی کور لگا کر گٹروں کو بند کرنے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ریڈ لائن منصوبے کی جانب سے ایک جگہ مین ہوم کھلا رہنے کی وجہ سے سانحہ پیش آیا، بی آر ٹی نے کام شروع کرنے سے پہلے کے ایم سی کو آگاہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ گلشن اقبال میں نیپا چورنگی کے قریب اتوار کی رات 3 سالہ ابراہیم نجی ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے باہر گٹر میں گر گیا تھا، بچے کی والدہ کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
اہلخانہ اور اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مشینری بلاکر 3 سالہ ابراہیم کی تلاش شروع کی تھی، تاہم پوری رات گزرنے کے باوجود بچہ نہیں مل سکا تھا، پیر کو واقعے کے 14 گھنٹے بعد مقامی نوجوان نے بچے کی لاش جائے حادثہ سے تقریباً ایک کلومیٹر کے فاصلے پر نالے سے تلاش کرلی تھی۔
