بولی وڈ کی خوبرو اداکار سیلینا جیٹلی نے اپنے شوہر پیٹر ہاگ پر جنسی، جسمانی اور زبانی تشدد کے الزامات کے تحت ممبئی ہائی کورٹ میں سول مقدمہ دائر کردیا۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق سیلینا جیٹلی نے مبمئی کی عدالت میں گھریلو تشدد کے تحت مقدمہ دائر کیا، جس میں انہوں نے شوہر پر جذباتی، جسمانی، جنسی اور زبانی تشدد کا الزام لگایا ہے۔
عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے میں انہوں نے شوہر پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بچے کی پیدائش کے تین ہفتے بعد انہیں شوہر نے گھر سے دھکے دے کر نکال دیا تھا۔
انہوں نے درخواست میں لکھا ہے کہ بچے کو جنم دینے کی وجہ سے ان کے آپریشن کے ٹانکیں بھی نہیں بھرے تھے اور وہ مشکل سے چل پاتی تھیں لیکن شوہر نے ان کی مدد کرنے کے بجائے انہیں گھر سے دھکے دے کر نکالا۔
سییلینا جیٹلی کے مطابق انہوں نے شوہر کو اپنی چھٹیاں مزید بڑھانے کی درخواست کی، جس پر وہ طیس میں آگئے اور انہیں ’ناشکرہ عورت‘ کہ کر انہیں دھکے دے کر گھر سے نکال دیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ شوہر نے ہاتھ پکڑ کر انہیں فلیٹ سے باہر دھکیل دیا اور انہیں اپنی زندگی سے نکل جانے کا کہا، وہ اس وقت بچے کو دودھ پلانے والے کپڑوں میں تھیں، دھکے دینے سے وہ لوہے کے پنجرے میں پھنس گئیں لیکن انہیں ایک پڑوسی نے آکر بچایا۔
اداکارہ نے درخواست میں لکھا کہ مذکورہ واقعے کے بعد وہ آسٹریا سے آدھی رات کو اپنے تینوں بچوں کے بغیر بھاگ کر بھارت واپس آئیں، واپس آنے پر انہیں پتہ چلا کہ پیٹر نے جائیداد کی منتقلی اور طلاق کی قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور ان کا بچوں سے رابطہ روک دیا۔
اداکارہ کے مطابق شوہر نے انہیں صرف 14 نومبر کو ایک بار بچوں سے ملنے کی اجازت دی، جب کہ ان کے شوہر نے آسٹریا میں طلاق کی درخواست میں شادی کی ناکامی کی ذمہ داری سیلینا پر ڈالی ہے۔
سیلینا جیٹلی نے عدالت میں دائر کردہ اپنی درخواست میں ماہانہ 10 لاکھ روپے کے اخراجات، 50 کروڑ روپے کی معاوضہ اور بچوں سے ملنے کی اجازت مانگی ہے۔
اداکارہ نے اپنی درخواست میں شوہر پر بار بار نسل پرستانہ رویے اپنانے کا الزام بھی عائد کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شوہر ان کا موازنہ کام والی ملازمہ سے کرتے تھے۔
سیلینا جیٹلی کے مطابق شوہر کی جانب سے انہیں اپنی ملازمہ سے ملتا جلتا بتانا، توہین آمیز تھا، جس سے انہیں ذہنی صدمہ بھی ہوا۔
علاوہ ازیں سیلینا جیٹلی نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ شوہر سے ان کے اختلافات، کیسز اور بچوں کے حوالے سے چلنے والے معاملات پر ان کے بچوں کی تصاویر کو استعمال نہ کرے
خیال رہے کہ سیلینا جیٹلی اور آسٹریائی شخص پیٹر نے 2011 میں شادی کی تھی، ان کے تین بچے ہیں، 2012 میں ان کے ہاں جڑواں بیٹے ویراج اور ونسٹن ہوئے تھے، 2017 میں ان کے ہاں تیسرا بیٹا ہوا تھا جب کہ چوتھا بیٹا شمشیر پیدائشی دل کی خرابی کے باعث انتقال کر گیا تھا۔
