مقبول اداکارہ ماہرہ خان اور فواد خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانٹک فلم ’نیلو فر‘ کے ایک مختصر سین کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر کلپ فلم میں اداکارہ ماہرہ خان کے کردار کے رونے کا کلپ ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں ماہرہ خان کو روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
فلم میں ماہرہ خان نے نابینہ خاتون کا کردار ادا کیا ہے اور ان کے وائرل ہونے والے رونے کے سین سے محسوس ہوتا ہے کہ ایک نابینہ خاتون ہی رو رہی ہیں لیکن شائقین کو ان کی اداکاری پسند نہ آئی۔
ماہرہ خان کے وائرل ہونے والے سین پر زیادہ تر صارفین نے مزاحیہ تبصرے کیے اور لکھا کہ یہ وہ خود ہیں، کیوں کہ انہوں نے ’نیلو فر‘ کا ٹکٹ خرید کر پیسے ضائع کیے۔
کچھ شائقین نے اداکارہ کی اداکاری پر بھی سوالات اٹھائے اور ان کی اداکاری کو بیکار قرار دیا اور لکھا کہ انہیں اداکاری آتی ہی نہیں، لوگوں نے خوامخواہ انہیں اداکار بنا رکھا ہے۔
بعض افراد نے ماہرہ خان کا موازنہ صبا قمر، صنم بلوچ، مومنہ اقبال اور سجل علی سے بھی کیا اور ان کے مقابلے باقی تمام اداکاراؤں کو بہترین قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے مقابلے وہ سب اچھی طرح رو لیتی ہیں۔
اسی طرح کچھ شائقین نے ماہرہ خان کا موازنہ حرا مانی سے بھی کیا اور لکھا کہ وہ ان کی طرح ہی رو رہی ہیں جو ہر روز سوشل میڈیا پر ڈرامے کرتی ہیں۔
نیلو فر کو پچھے ہفتے ریلیز کیا گیا تھا اور فلم شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہوئی ہے۔
فلم کو تقریبا پانچ سال کی تاخیر سے ریلیز کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر اسے 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن کورونا کی وبا کی وجہ سے اس کی نمائش تاخیر کا شکار ہوتی رہی۔
