پاکستان پیپلز پارٹی آج اپنا 58واں یومِ تاسیس ملک بھر میں جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔
اس موقع پر ضلعی سطح پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ کراچی کے علاقے کورنگی میں مرکزی جلسہ منعقد ہوگا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔
کورنگی میں جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے۔
پیپلز پارٹی کی بنیاد 30 نومبر 1967ء کو لاہور میں رکھی گئی تھی، جہاں ذوالفقار علی بھٹو پارٹی کے پہلے چیئرمین منتخب ہوئے۔
’’روٹی، کپڑا اور مکان‘‘ کے نعرے نے پارٹی کو عوام میں بے پناہ مقبولیت بخشی اور 1970ء کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مغربی پاکستان میں شاندار کامیابی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: 30 نومبر کو یوم تاسیس پشاور میں منائیں گے، خورشید شاہ
گزشتہ 58 برسوں میں پیپلز پارٹی نے جمہوریت کی بحالی، متفقہ آئین کی منظوری، جوہری پروگرام کی بنیاد، صوبائی خودمختاری اور سماجی اصلاحات سمیت کئی تاریخی سنگِ میل عبور کیے۔
آمریت کے ادوار میں مزاحمت اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد بھی پارٹی کے سیاسی سفر کا اہم حصہ رہی۔
