پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے فائنل میں سری لنکا کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں پاکستان نے سری لنکا کا 115 رنز کا ہدف بآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، بابر اعظم 34 گیندوں پر 37 رنز کی زمہ دارانہ اننگز کھیل کر وکٹ پر موجود رہے۔
دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 33 گیندوں پر 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صاحب زادہ فرحان 23 اور کپتان سلمان علی آغا 14 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، فخر زمان 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے پاون رتھنایک نے 2، وانندو ہاسارنگا اور ایشان مالینگا نے ایک،ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل، پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے نتیجے میں سری لنکا ٹیم بڑا ہدف دینے میں ناکام رہی اور ٹائیگرز 114 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئے۔
سری لنکا ٹیم کی پہلی وکٹ 20 رنز پر گری تاہم اس کے بعد کامل مشارا اور وکٹ کیپر بیٹر کوسال مینڈس نے47 گیندوں پر 64 رنز کی عمدہ پارٹنر شپ قائم کی۔
84 کے مجموعے پر کوسال مینڈس کے آؤٹ ہونے کے بعد لنکن بیٹر کی پویلین واپس لوٹنے کی لائن لگ گئی، پوری ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 114 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا کے حصے میں ایک،ایک وکٹ آئی۔
