’دیمک‘ میں شاندار اداکاری پر سونیا حسین کے لیے عالمی ایوارڈ

معروف اداکارہ سونیا حسین کو ہارر فلم ’دیمک‘ میں شاندار اداکاری کرنے پر روس میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

سونیا حسین نے انسٹاگرام پر روس میں ہونے والے فلم فیسٹیول کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے خود کو ایوارڈ دیے جانے سے متعلق بھی بتایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ روس میں ہونے والے ’یوروشیا روس فلم فیسٹیول‘ میں مجموعی طور پر دنیا کے مختلف ممالک کی 35 فلمیں منتخب ہوئی تھیں۔

فلم فیسٹیول میں 15 مختلف کیٹیگریز کے لیے ایوارڈز دیے گئے اور اداکارہ کو بہترین اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

سونیا حسین نے پوسٹ کے کیپشن میں فلم کی ٹیم، روس میں موجود پاکستانی سفارت خانے اور روسی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے نہ صرف ان کی فلم کو فیسٹیول کے لیے منتخب کیا بلکہ اداکارہ کو ایوارڈ بھی دیا۔

سونیا حسین کو ’دیمک‘ میں شاندار اداکاری دکھانے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا، تقریب میں دوسری کاسٹ نے بھی شرکت کی۔

اداکارہ نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے مختصر تقریر بھی کی، جس میں انہوں نے منتظمین کا شکریہ ادا کرنے سمیت فلم کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔

سونیا حسین نے خود کو ملنے والا ایوارڈ فلم کی ٹیم کے نام کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔

سونیا حسین کو ’دیمک‘ میں اداکاری دکھانے پر بہترین اداکارہ کے ایوارڈ ملنے سے قبل اسی فلم نے جولائی 2025 میں چین میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں بھی بیسٹ ایڈیٹنگ کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

فلم کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا گیا تھا، ’دیمک‘ کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔

’دیمک‘ کی کہانی ساس اور بہو کے درمیان کشیدہ تعلقات کے گرد گھومتی ہے، جس کا پس منظر ایک گھر میں بڑھتی ہوئی پراسرار اور ماورائی سرگرمیوں پر مبنی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے