کراچی: شہرِ قائد میں ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑا ای چالان جاری کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈمپر میں ٹریکر نصب نہ ہونے اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر سڑک پر چلنے کی وجہ سے گاڑی کے مالک کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ آج صبح کے وقت رزاق آباد کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے حادثہ پیش آیا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈمپر کے کاغذات اور ٹیکنیکل سہولیات کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ نہ تو گاڑی میں ٹریکر نصب تھا اور نہ ہی اس کے پاس فٹنس سرٹیفکیٹ موجود تھا۔
حادثے کا مقام پورٹ قاسم چورنگی کے قریب بتایا گیا ہے جب کہ مالک اور ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ ڈمپر کے مالک شیر زادہ کو ایک لاکھ روپے کا ای چالان جاری کیا گیا اور اسے مقدمے کی ایف آئی آر میں بھی نامزد کرلیا گیا ہے۔
مزید یہ کہ ڈمپر ڈرائیور کا ڈرائیونگ لائسنس تین ماہ کے لیے عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق اگر گاڑی کا مالک 14 روز کے اندر اندر جرمانہ ادا کرتا ہے تو اسے صرف آدھی رقم ادا کرنا ہوگی جو قوانین کے مطابق رعایت کا حصہ ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھاری گاڑیوں کے باعث ہونے والے حادثات میں اضافہ تشویش ناک ہے، اسی لیے ٹریکر، فٹنس سرٹیفکیٹ اور دیگر لازمی دستاویزات نہ رکھنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
