حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 10 میں واقع غیر قانونی آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانے میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں جھلس کر متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق لطیف آباد یونٹ نمبر 10 لغاری گوٹھ میں واقع رہائشی علاقے میں واقع غیر قانونی آتش بازی کا سامان بنانے والے کارخانہ میں دھماکے بعد پورا علاقے لرزا اٹھا، دھماکے کے بعد کارخانے میں آگ لگ گئی، اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر آگ بھجانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
دھماکوں اور آگ لگنے سے متعدد افراد جھلس گئے، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد فیکٹری دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمی مزدوروں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ساتھ ہی انہوں نے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کر لی۔
مراد علی شاہ نے کمشنر و ڈی سی حیدرآباد سے فوری حقائق نامہ طلب کیا اور فیکٹری میں حفاظتی انتظامات کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مزدوروں کے تحفظ میں کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔
