پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے ایک اور سنگِ میل عبور کرتے ہوئے 15 ہزار رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا، بابر اعظم پاکستان میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے اعتبار سے پانچویں بلے باز بن گئے۔
دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بلے باز نے یہ کارنامہ فیصل آباد میں جنوبی افریقہ کیخلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں 27 رنز بنا کر اپنے نام کیا، بابر اعظم 137 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 53.24 کی اوسط کے ساتھ 6 ہزار 336 رنز اسکور کر چکے ہیں، اس دوران انہوں نے 19 سنچریاں اور 37 ففٹیز بھی اپنے نام کیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی بات کی جائے تو یہاں بھی ٹاپ آرڈر بیٹر نے رنز کے انبار لگا رکھے ہیں، بابر اعظم نے ریڈ بال کرکٹ کے 61 میچز میں 42.38 کی اوسط کے ساتھ 4 ہزار 336 رنز بنا لیے ہیں، طویل دورانیے کی کرکٹ میں انہوں نے 9 سنچریاں اور 50 ففٹیز بھی بنا رکھی ہیں۔
مختصر فارمیٹ میں بھی بابر اعظم کسی سے پیچھے نہیں رہے، انہوں نے 131 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 39.83 کی اوسط کے ساتھ 4 ہزار 302 رنز بنا لیے ہیں، اس دوران انہوں نے 3 سنچریاں اور 37 ففٹیز بھی اسکور کی۔
پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز سابق لیجنڈری کپتان انضمام الحق کے پاس ہے، جو 547 اننگز میں 20 ہزار 541 رنز بنا کر سرفہرست ہیں، سابق کپتان یونس خان 491 اننگز میں 17 ہزار 790 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
سابق کپتان محمد یوسف 426 اننگز میں 17 ہزار 134 اور سابق کپتان جاوید میانداد 407 اننگز میں 16 ہزار 213 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے تیسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے بآسانی شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی ہے، فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پروٹیز کا 144 رنز کا آسان ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کر کے مہمان ٹیم کو شکست دی۔
