اسلامک سولیڈیرٹی گیمز: قومی باکسر قدرت اللہ سیمی فائنل میں پہنچ گئے، پاکستان کا دوسرا تمغہ یقینی

پاکستانی باکسر قدرت اللہ نے ریاض میں جاری چھٹی اسلامک سولیڈیرٹی گیمز کے 55 کلوگرام باکسنگ ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی، قدرت اللہ کی شاندار کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان کے لیے کانسی کا تمغہ بھی یقینی ہو گیا ہے۔

دی پرومی نیڈ آرٹ ٹاور میں منعقدہ مقابلے میں قدرت اللہ نے سوڈان کے محمد عثمان کو یک طرفہ مقابلے میں 0-10 کے واضح فرق سے شکست دی، خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ قدرت اللہ 9 نومبر کو سیمی فائنل میں مصر کے عامر محمد فراگ احمد کیلانی کے مدمقابل آئیں گے۔

اس سے قبل، فاطمہ زہرا نے پاکستان کے لیے اسلامک سولیڈیرٹی گیمز میں خواتین کے باکسنگ ایونٹ کا پہلا تمغہ حاصل کیا، انہوں نے 60 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں الجزائر کی حمدہ ملیسہ کو 0-5 سے شکست دی، سرگودھا سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ فاطمہ زہرا سیمی فائنل میں مصر کی حریف کے مدمقابل ہوں گی۔

اولمپک کمپلیکس سوئمنگ ہال میں جہاں آرا نبی نے خواتین کے 50 میٹر بٹر فلائی ایونٹ میں 30.77 سیکنڈز میں کامیابی کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، تاہم وہ فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکیں، ان کی ساتھی مشائل عائشہ حیات یوسف نے اپنی ہیٹ میں 31.42 سیکنڈ کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہیں۔

مردوں کے 50 میٹر بٹر فلائی ایونٹ میں علی محمد مٹھا نے 26.31 سیکنڈ میں اپنی ہیٹ میں ساتواں نمبر حاصل کیا، جبکہ سید محمد صادق ملک حاتم نے ایک اور ہیٹ میں 26.13 سیکنڈ کے ساتھ ساتویں پوزیشن حاصل کی، ترکیہ کے برک اوزکُل نے 24.45 سیکنڈ کے وقت کے ساتھ سب سے بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہے۔

فری اسٹائل ایونٹس میں حسین شوقی نے 50 میٹر ہیٹ میں 24.75 سیکنڈ کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ سید محمد دانش خان 25.68 سیکنڈز کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔

پاکستان کی مکسڈ 4 ایکس 100 میٹر فری اسٹائل ریلے ٹیم نے اپنے ہیٹ میں 3 منٹ 55 سیکنڈز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ٹیبل ٹینس میں پاکستان کی ویمن ٹیم کو گروپ ’سی‘ میں یوگنڈا کے ہاتھوں 4-8 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، ٹیم میں بسمہ فریال، حور فواد اور کلسوم خان شامل تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے