افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ جوناتھن ٹراٹ مارچ 2026 میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے اختتام پر افغانستان کے ہیڈ کوچ کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
اے سی بی نے اپنے بیان میں کہا کہ بورڈ تسلیم کرتا ہے کہ کوچنگ میں تبدیلیاں عالمی کرکٹ کے نظام کا فطری حصہ ہیں، وقت کے ساتھ ٹیموں کی قیادت اور حکمتِ عملی کی ضروریات بھی بدلتی ہیں۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جابن سے کہا گیا کہ کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم ہمیشہ ایک ہی کوچ کے تحت نہیں رہتی، یہ تبدیلی افغانستان کرکٹ کے لیے ایک نئے باب کی شروعات ہے، کیونکہ بورڈ طویل المدتی کامیابی کے لیے اپنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
افغانستان نے یہ بھی اعلان کیا کہ بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹک کے ساتھ بھی معاہدہ 31 دسمبر کو ختم ہونے پر تجدید نہیں کی جائے گی، انہوں نے رواں سال جنوری میں یہ ذمہ داری سنبھالی تھی اور اس سے قبل وہ پاکستان کے بیٹنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔
جوناتھن ٹراٹ نے جولائی 2022 میں افغانستان کے ہیڈ کوچ کے طور پر ذمہ داری سنبھالی، ان کی ابتدائی مدت 18 ماہ تھی، تاہم 2024 میں انہیں 12 ماہ کی توسیع ملی اور بعد ازاں 2025 تک ان کی مدت بڑھا دی گئی۔
7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا ٹی20 ورلڈکپ 2026 جوناتھن ٹراٹ کا افغانستان کے ساتھ آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔
افغانستان نے جوناتھن ٹراٹ کی کوچنگ میں اہم کامیابیاں سمیٹی، جن میں ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ٹیم نے پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جہاں گروپ اور سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کو شکست دی۔
2023 ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کو شکست دی اور چیمپئن بننے والی آسٹریلیا کے خلاف بھی سخت مقابلہ کیا۔
