پی آئی اے ایئرکرافٹ انجینئرز نے طیاروں کی کلیئرنس روک دی، عالمی پروازیں رک گئیں

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا، پی آئی اے ایئرکرافٹ انجنیئرز نے طیاروں کی کلیئرنس روک دی، جس سے قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن متاثر ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایئرکرافٹ انجینئرز کے احتجاج کے باعث پی آئی اے کی کوئی بین الاقوامی پرواز روانہ نہیں ہو سکی، ایئرکرافٹ انجینئرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے اپنا رویہ ٹھیک کریں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پی آئی اے حکام نے ایئر کرافٹ انجنیئرز کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سوسائٹی آف ایئر کرافٹ انجینئرز کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، اس احتجاج کا بنیادی مقصد پی آئی اے کی نجکاری کو سبوتاژ کرنا ہے۔

پی آئی اے میں لازمی سروسز ایکٹ نافذ ہے، ہڑتال یا کام چھوڑنا قانونی طور پر جرم ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایسی کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، انتظامیہ متبادل انجینئرنگ خدمات دوسری ایئرلائنز سے حاصل کر رہی ہے، جلد تمام پروازیں روانہ کر دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کی تھی، جو کامیاب نہیں ہوسکی تھی،گزشتہ سال توقع سے انتہائی کم بولی لگنے پر نجکاری بورڈ نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے لیے موصول ہونے والے بولیاں مسترد کردی تھیں۔

پی آئی اے کی نجکاری کے لیے گزشتہ سال 31 اکتوبر کو بولی کھولی گئی تھی، اور قومی ایئر لائن کے 60 فیصد حصص کی نجکاری کے لیے 85 ارب روپے کی خواہاں حکومت کو صرف 10 ارب روپے کی بولی موصول ہوئی تھی، جو منظور نہیں کی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے