ماضی کی بولڈ اور مقبول فلمی ہیروئن خوشبو خان نے ارباز خان سے علیحدگی کی خبروں پر نیا بیان دیا ہے۔
خوشبو خان نے سینئر صحافی و یوٹیوبر عنبرین فاطمہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ارباز خان سے اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ ان لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنا چاہتی ہیں جنہوں نے ان کی طلاق کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائیں تاکہ سب کو یہ پیغام جائے کہ بغیر ٹھوس ثبوت کے آئندہ کوئی بھی جھوٹی خبر نہ پھیلا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ بعض میڈیا اداروں نے خبر چلائی کہ ان کی اور ارباز خان کی طلاق ہو گئی ہے، جب کہ انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے تعلقات کے بارے میں ارباز خان سے ہی سوال کیا جائے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ یہ نام نہاد نئے یوٹیوبرز، جو اینکر بننے کے شوقین ہیں، صحافت کا مطلب بھی نہیں سمجھتے، صحافی ایماندار لوگ ہوتے ہیں، لیکن ایسے یوٹیوبرز جان بوجھ کر وائرل مواد تخلیق کرتے ہیں جس سے غلط پیغام لوگوں تک پہنچتا ہے اور کئی گھرانے متاثر ہوتے ہیں۔
خوشبو خان کے مطابق ارباز خان سے ان کی طلاق کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلائی گئیں، جو بالکل سچ نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ کبھی بھی ارباز خان کے خلاف کچھ نہیں کریں گی اور آج بھی ارباز خان کی بیوی ہیں اور ان لوگوں پر شرم ظاہر کی جو ایسی جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔
قبل ازیں خوشبو خان نے ایک انٹرویو میں ارباز خان پر دھوکہ دہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ارباز خان ان کے لیے سب کچھ تھے، لیکن جب بھی کسی مشکل وقت میں انہیں ان کی ضرورت پیش آئی تو وہ ان کے ساتھ نہیں تھے، جس پر انہیں بہت افسوس ہوا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ارباز خان سے ان کا کوئی جھگڑا یا لڑائی نہیں ہوئی، وہ بنا کچھ کہے چلے گئے اور پھر واپس نہیں آئے، انہیں گئے ہوئے پانچ سال ہوچکے ہیں، لیکن آج بھی ان کی یادیں ان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ خوشبو خان اور ارباز خان نے 2000 میں شادی کی تھی اور ان کے دو بیٹے ہیں، طویل عرصے سے ان کے تعلقات میں کشیدگی اور علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں، تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی طلاق کی تصدیق نہیں کی۔
