بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں قومی شاہراہ پر پولیس موبائل پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں قومی شاہراہ پر دوران گشت پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کر دیا، حملے کے فوری بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے شروع کر دیے جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ( ایم ایس ) سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی ڈاکٹر نصیر احمد عمرانی نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں 2پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں ایک خاتون اور دو بچے بھی شامل ہیں تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
