خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران فتنۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر 5 دسمبر کو انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دوسرا آپریشن ضلع لکی مروت میں کیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 2 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ہلاک ہونے والے خوارج قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارج کے خاتمے کے لئے سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہے۔
دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے اضلاع ٹانک اور لکی مروت میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دو الگ کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے ان آپریشنز میں فتنتۃ الخوارج کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
