لندن والے بانی نے کراچی کو بوری بند لاشوں، بھتے کی پرچیوں کے سوا کچھ نہ دیا، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی کو منصوبہ بندی کے تحت الطاف نامی شخص کے حوالے کیا گیا اور لندن والے بانی نے کراچی کو اسلحہ، بوری بند لاشوں اور بھتے کی پرچیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی اقتدار میں آنے کی سوچ اور انداز الگ ہوتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری جب بھی وزیر اعظم بنیں گے تو عوامی طاقت سے بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کل پیپلز پارٹی کی بنیاد کو اٹھاون سال پورے ہو رہے ہیں پورے ملک میں 100 سے زائد جگہوں پر پیپلز پارٹی کے اجتماعات کیے جا رہے ہیں اور ملک بھر میں اسکرینوں کے ذریعے بلاول بھٹو کا خطاب براہِ راست نشر کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سوچ ہمیشہ جمہوری رہی ہے پیپلز پارٹی کا بیانیہ اور جدوجہد ہمیشہ اس ملک کے لیے رہی ہے ہمیں فخر ہے کہ ہم پیپلز پارٹی کے کارکن ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ کس کی شیروانی بن رہی ہے، معلوم نہیں گورنر کی تبدیلی وفاقی حکومت کا معاملہ ہے۔

عمران خان سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا ہوا ہے، وہ جیل میں اچھا کھانا کھا رہے ہیں اور تمام سہولیات حاصل ہیں لیکن آپ شروع دن سے ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں عمران خان پر جیل میں کوئی تشدد نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو منصوبہ بندی کے تحت الطاف نامی شخص کے حوالے کیا گیا، لندن والے بانی نے کراچی کو اسلحہ، بوری بند لاشوں اور بھتے کی پرچیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔

مزید کہا کہ کراچی میں ہیروئن کلچر، بھتہ کلچر اور بوری بند لاش کلچر آیا لیکن اب کراچی کا کچرہ اٹھایا جا رہا ہے اور پانی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے