جنوبی افریقہ سے تاریخی شکست کے بعد بھارت کی توجہ اب ون ڈے سیریز پر ہے، کپتان راہل

بھارتی ون ڈے ٹیم کے کپتان کے ایل راہول نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عبرتناک شکست کو پسِ پشت ڈال کر ٹیم ایک روزہ سیریز میں نئی شروعات کرے گی۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جنوبی افریقہ نے 26 سال بعد بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست دی تھی، پہلے ٹیسٹ میں 30 رنز سے ہرانے کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں 48 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔

اس شکست نے بھارتی ٹیم کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا اور یہ گزشتہ 7 ہوم ٹیسٹ میچز میں بھارت کی پانچویں شکست تھی، اس سے قبل نیوزی لینڈ نے بھی بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کیا تھا۔

بھارٹی ٹیم کے مستقل کپتان شبمن گل انجری کے باعث سیریز سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹر کے ایل راہل کو قیادت کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

انہوں نے ہفتے کو رانچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم جیت پر توجہ دیں گے اور ایک ہفتہ پہلے کیا ہوا تھا اسے بھول جائیں گے، میرے لیے فتح سب سے اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کل کے میچ پر فوکس کر رہے ہیں اور دیکھیں گے کہ کس طرح اجتماعی کارکردگی پیش کر سکتے ہیں جو ہمیں کامیابی دلائے، پھر ہم دوسرے وینیو جائیں گے اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب، بھارت کو سابق کپتانوں ویرات کوہلی اور روہت شرما کی واپسی سے بھی تقویت ملی ہے، دونوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن ان کی موجودگی ٹیم میں تجربے اور گہرائی کا اضافہ کرے گی۔

کے ایل راہول نے کہا کہ ان کی اہمیت کسی بھی وقت بہت زیادہ ہوتی ہے، ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کا ہونا ڈریسنگ روم کو زیادہ پراعتماد بناتا ہے جب کہ صرف ان کی موجودگی اور تجربہ ٹیم کی بہت مدد کرتا ہے، ہم واقعی خوش ہیں کہ وہ ٹیم کا حصہ ہیں۔

بھارت کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے ایک روز قبل کہا تھا کہ محدود اوورز کے کرکٹ میں منتقلی سے ٹیم میں نئی توانائی آئے گی اور کھلاڑی بہتر انداز میں خود کو سنبھال پائیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچ 6 دسمبر تک کھیلے جائیں گے، جس کے بعد دونوں ٹیمیں 5 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں آمنے سامنے ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے