امریکی محکمہ انصاف کے مطابق شکاگو سے جرمنی جانے والی پرواز میں 2 نوجوانوں پر حملے کے الزام میں ایک بھارتی شہری پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔
امریکی محکمۂ انصاف کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق 28 سالہ پرنیت کمار نے ایک دھاتی کانٹے سے 2 نوجوان لڑکوں پر حملہ کیا، 25 اکتوبر کو پرواز بوسٹن پہنچنے کے بعد اسے گرفتار کیا گیا، اس پر امریکی ضلعی عدالت میں ’خطرناک ہتھیار سے نقصان پہنچانے کے ارادے سے حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
بیان کے مطابق25 اکتوبر 2025 کو لفتھانزا کی پرواز 431 شکاگو سے فرینکفرٹ (جرمنی) جا رہی تھی، تو پرنیت کمارنے مبینہ طور پر ایک 17 سالہ لڑکے کے کندھے پر کانٹے سے وار کیا، بعد ازاں اسی کانٹے سے دوسرے 17 سالہ لڑکے کے سر کے پچھلے حصے پر حملہ کیا۔
امریکی محکمہ انصاف نے مزید بتایا کہ جب پرواز کے عملے نے پرنیت کمار کو قابو کرنے کی کوشش کی، تو اس نے مبینہ طور پر اپنا ہاتھ اٹھایا، انگلیوں سے پستول کی شکل بنائی، اسے اپنے منہ میں ڈالا اور فرضی ٹریگر دبایا۔
بیان میں کہا گیا کہ فوراً پرنیت کمار نے بائیں جانب بیٹھی ایک خاتون مسافر کی طرف رُخ کیا اور اسے تھپڑ مارا، اس کے علاوہ اس نے پرواز کے ایک عملے کے رکن کو بھی تھپڑ مارنے کی کوشش کی۔
اس ہنگامے کے نتیجے میں پرواز کو بوسٹن لوگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، جہاں پرنیت کمار کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
محکمہ نے مزید بتایا کہ بھارتی شہری، امریکا میں اسٹوڈنٹ ویزے پر داخل ہوا تھا، لیکن اس وقت ملک میں اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی فضائی حدود میں سفر کے دوران نقصان پہنچانے کے ارادے سے خطرناک ہتھیار کے ساتھ حملے کے الزام میں زیادہ سے زیادہ 10 سال قید، 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر تک جرمانے اور سزا پوری ہونے کے بعد 3 سال تک نگرانی میں رہائی کی سزا ہو سکتی ہے۔
