امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آج ایک بار پھر کہا ہے کہ مئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مختصر فوجی کشیدگی کے دوران سات ’بالکل نئے اور خوبصورت طیارے‘ مار گرائے گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں کے ساتھ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیا کہ اُن کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرِف کی وجہ سے انہوں نے بہت سی جنگیں روک کر دنیا کی بڑی خدمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ بھارت اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے، ان کی مختصر جھڑپ میں 7 بالکل نئے اور خوبصورت جہاز مار گرائے گئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں نے بھارتی وزیر اعظم مودی، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی کہا کہ ’دیکھو، اگر تم لوگ لڑائی کرو گے تو ہم کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے‘۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میری انتظامیہ نے واضح کیا اگر تم لڑو گے تو ہم کوئی ڈیل نہیں کریں گے جس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر اندر معاملہ ختم ہو گیا، اور یہ واقعی حیران کن تھا، میرا خیال ہے کہ تجارت اس بات کی 70 فیصد وجہ ہے کہ ہمارے درمیان جنگیں نہیں ہوئیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی میں ہونے والی جھڑپ دہائیوں میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان بدترین تصادم تھا جو مقبوضہ کشمیر میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد شروع ہوا، جس میں نئی دہلی نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے جسے اسلام آباد نے مسترد کردیا تھا۔
مختصر تصادم کے فوراً بعد پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جنگ کے دوران بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا جس کے باقائدہ ثبوت بھی پیش کیے گئے۔
ابتدائی طور پر بھارت ان دعوؤں کو مسترد کرتا رہا، بعد ازاں، نئی دلی نے جنگ میں طیاروں کی تباہی کو تسلیم کیا مگر تعداد بتانے سے گریز کیا اور 6 طیارے مارگرائے جانے کی بات سے آج تک انکاری ہے۔
