فرانسیسی حکام نے لوور میوزیم میں چوری کے بعد قیمتی زیورات مرکزی بینک منتقل کردیے

فرانسیسی حکام نے تاریخی لوور میوزیم سے قیمتی اشیا کی چوری کے بعد وہاں رکھے کچھ قیمتی زیورات مرکزی بینک منتقل کردیے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی ریڈیو آر ٹی ایل نے رپورٹ کیا ہے کہ لوور میوزیم نے گزشتہ ہفتے ہونے والی چوری کے بعد اپنے قیمتی زیورات میں سے کچھ کو فرانس کے مرکزی بینک منتقل کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق میوزیم کی اپالو گیلری، جہاں فرانسیسی شاہی تاج کے زیورات رکھے گئے ہیں، سے قیمتی اشیا کی منتقلی جمعہ کو خفیہ پولیس نگرانی میں کی گئی۔

فرانس کا مرکزی بینک، جو ملک کے سونے کے ذخائر کو زمین سے 27 میٹر (88 فٹ) نیچے واقع ایک وسیع تہہ خانے میں محفوظ رکھتا ہے، دریائے سین کے دائیں کنارے پر لوور میوزیم سے صرف 500 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

لوور اور فرانس کے مرکزی بینک نے فی الحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

چوروں نے 19 اکتوبر کو لوور کے ذخیرے سے 8 قیمتی نوادرات چرا لیے، جن کی مالیت تقریباً 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالر بتائی جا رہی ہے، انہوں نے دنیا کے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے میوزیم میں ایک کرین کے ذریعے بالائی منزل کی کھڑکی توڑ کر داخل ہو کر یہ کارروائی کی، اور موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے، اس واقعے کی خبر دنیا بھر میں پھیل گئی، جس کے بعد فرانس میں اسے قومی شرمندگی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے