پاکستانی لڑاکا طیاروں کی مانگ بڑھ گئی، بہت سے ممالک حصول کے خواہشمند ہیں، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افواج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس سے گفتگو میں کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی مانگ بڑھ گئی ہے اور بہت سے ممالک طیاروں کے حصول کے لیے بات چیت کررہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک افواج کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری افواج ہر روز دہشت گردی کے خلاف اقدامات کررہی ہیں۔ ان شااللہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی کی جنگ کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی مانگ دنیا بھر میں بڑھ گئی ہے اور بہت سے ممالک ان کے حصول کے لیے رابطے میں ہیں۔
انہوں نے ایئرفورس کی جانب سے تیمور ویپن سسٹم کی کامیاب لانچنگ کو بھی سراہا اور افواج پاکستان کو اس کارنامے پر خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کہتے ہیں کہ لڑاکا طیاروں کی خریداری سے معیشت کو فائدہ ہوگا اور فنانشل ٹیکنالوجی کمپنی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں۔ کرپٹو کرنسی کے ذریعے ٹرانزیکشنز ہوں گی تو معیشت کو فائدہ ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معاشی میدان میں کم عرصے میں بڑی پیش رفت کی ہے اور اب ترقی کے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں کسانوں کے لیے 75 ارب روپے کے زرعی پیکیج کا منصوبہ مکمل ہوچکا ہے اور سولر انرجی کے ذریعے فصلوں کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ رواں سال بلوچستان میں 7 نئے دانش اسکول بنائے جارہے ہیں اور ہزاروں بچوں کو وظائف کے ساتھ ایک لاکھ لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے جارہے ہیں۔
کراچی چمن شاہراہ کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ اسے پہلے ’’خونی سڑک‘‘ کہا جاتا تھا لیکن اب اس پر کام ہورہا ہے اور کوشش ہے کہ اسے دو سال کے اندر مکمل کیا جائے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے بھی اس منصوبے میں مدد ملی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت میں استحکام کے بعد ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں اور ملکی دفاع اور اقتصادی ترقی کے شعبوں میں پاکستان مثبت پیش رفت کررہا ہے۔
