انڈونیشین وزیر دفاع کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سے اہم ملاقات

انڈونیشین وزیر دفاع کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل سے اہم ملاقات

ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

راولپنڈی: انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی ملاقات چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر دفاع اور فیلڈ مارشل کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انڈونیشین وزیر دفاع کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جس کے بعد اعلیٰ سطحی ملاقات کا انعقاد ہوا۔ ملاقات میں خطے میں امن و استحکام، بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال اور مشترکہ چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران تربیت، دفاعی پیداوار اور مشترکہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے جو نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

انڈونیشین وزیر دفاع نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار کو سراہا اور علاقائی امن کے لیے پاک فوج کے کردار کی تعریف کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور مستقبل میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے