صومالیہ نے یو اے ای سے اپنی راہیں جدا کر لیں، تمام معاہدے منسوخ
تاحال متحدہ عرب امارات کی جانب سے صومالیہ کے اس اچانک اور سخت فیصلے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا
صومالیہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے تعلقات میں بڑی پیش رفت کرتے ہوئے بندرگاہوں، سیکیورٹی اور دفاع سے متعلق تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق صومالی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کیا گیا ہے، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ یو اے ای کے بعض اقدامات صومالیہ کی خودمختاری، قومی وحدت اور سیاسی آزادی کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہے تھے۔
یہ اعلان صومالیہ کی کونسل آف منسٹرز کے اہم اجلاس کے بعد وزیر دفاع احمد معلم فقی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس قابلِ اعتماد رپورٹس موجود ہیں جو متحدہ عرب امارات کی جانب سے صومالیہ کی ریاستی خودمختاری اور اتحاد کو کمزور کرنے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
صدارتی محل سے جاری تصاویر کے مطابق صدر حسن شیخ محمود نے اس غیر معمولی فیصلے پر پارلیمنٹ کے ہنگامی مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کیا، جس میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تاحال متحدہ عرب امارات کی جانب سے صومالیہ کے اس اچانک اور سخت فیصلے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم مبصرین کے مطابق اس اقدام کے اثرات خطے کی سیاست اور بحری تجارت پر دور رس ہو سکتے ہیں۔
