2026 میں بجلی کے نرخ کیا ہوں گے؟ نیپرا نے صارفین کو خوشخبری سنا دی

2026 میں بجلی کے نرخ کیا ہوں گے؟ نیپرا نے صارفین کو خوشخبری سنا دی

گھریلو صارفین کے لیے موجودہ سلیب وائز ٹیرف برقرار رہے گا

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے حکومت کی موشن پر بجلی کے بنیادی ٹیرف سے متعلق فیصلہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت کراچی سمیت ملک بھر کے لیے 2026 کے دوران بجلی کا بنیادی ٹیرف برقرار رہے گا۔

نیپرا نے اپنا فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، جبکہ نئے بنیادی ٹیرف کا اطلاق یکم جنوری 2026 سے ہوگا۔

نیپرا نے ملک بھر کے لیے یکساں ٹیرف کی حکومتی درخواست پر آج سماعت کی تھی، جس میں پاور ڈویژن کی جانب سے 2026 کے لیے یکساں بنیادی ٹیرف برقرار رکھنے کی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔

نیپرا نے اس درخواست کو منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ گھریلو صارفین کے لیے موجودہ سلیب وائز ٹیرف برقرار رہے گا۔

فیصلے کے مطابق گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا زیادہ سے زیادہ بنیادی ٹیرف 47.69 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔

ایک سے 100 یونٹ تک کے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف 10.54 روپے جبکہ 101 سے 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا ٹیرف 13.01 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا۔

نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے ایک سے 100 یونٹ تک بجلی کا ٹیرف 22.44 روپے، 101 سے 200 یونٹ تک 28.91 روپے، 201 سے 300 یونٹ تک 33.10 روپے، 301 سے 400 یونٹ تک 37.99 روپے، 401 سے 500 یونٹ تک 40.22 روپے، 501 سے 600 یونٹ تک 41.62 روپے، 601 سے 700 یونٹ تک 42.76 روپے اور 700 یونٹ سے زائد استعمال پر 47.69 روپے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔

ماہانہ 50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین کے لیے ٹیرف 3.95 روپے جبکہ 51 سے 100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کے لیے 7.74 روپے فی یونٹ برقرار رہے گا۔

تاہم نیپرا نے واضح کیا ہے کہ مختلف ٹیکسز اور سرچارجز شامل ہونے کے بعد فی یونٹ قیمت سلیب کے حساب سے بڑھ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیپرا نے سال 2026 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی، جس کے بعد اب یکساں ٹیرف برقرار رکھنے سے متعلق حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے