تیسرا ٹی 20، سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی
سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا، جبکہ دوسرا مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 14 رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی
دمبولا میں کھیلا جانے والا سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ بھی بارش سے متاثر ہوا، جس کے باعث مقابلہ تاخیر سے شروع ہوا اور بالآخر اسے 12 اوور فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ بدلتی صورتحال میں پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
مختصر میچ میں سری لنکا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز اسکور کیے۔ کپتان دسُن شناکا نے 34 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کوشال مینڈس نے 30 رنز بنائے۔ جنتھ لیانگے اور دننجایا ڈی سلوا نے بھی 22، 22 رنز کے ساتھ ٹیم کے اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔
پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جبکہ محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
161 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم دباؤ میں آ گئی اور مقررہ 12 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز ہی بنا سکی۔
کپتان سلما آغا 45، محمد نواز 28 اور خواجہ نافع نے 26 رنز بنائے۔
اس میچ میں سری لنکا کی فتح کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی۔ یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا، جبکہ دوسرا مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔
