ٹرمپ کی کیوبا کو کھلی دھمکی، تجارتی معاہدہ کرو، ورنہ تیل اور پیسہ دونوں بند
کیوبا کو چاہیے کہ بہت دیر ہو جانے سے پہلے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر لے، صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کو سخت وارننگ دیتے ہوئے واضح پیغام دے دیا ہے کہ اگر ہوانا نے بروقت فیصلہ نہ کیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ اب کیوبا کے لیے امریکا کی جانب سے نہ کوئی پیسہ جائے گا اور نہ ہی تیل۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کیوبا کو چاہیے کہ بہت دیر ہو جانے سے پہلے امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ کر لے، کیونکہ وقت تیزی سے نکلتا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کیوبا نے برسوں تک وینزویلا سے ملنے والے تیل اور مالی مدد پر گزارا کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق اس امداد کے بدلے میں کیوبا نے وینزویلا کے آخری دو آمروں کو سیکیورٹی سروسز فراہم کیں، تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان میں سے زیادہ تر عناصر گزشتہ ہفتوں میں امریکی حملوں میں مارے جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب وینزویلا کو ان ٹھگوں اور بھتہ خوروں کی ضرورت نہیں رہی، کیونکہ وینزویلا کو اب امریکا کا تحفظ حاصل ہے۔
