انڈونیشیا میں ایلون مسک کے گروک چیٹ بوٹ پر پابندی عائد
انڈونیشیا میں، فحش سمجھے جانے والے آن لائن مواد پوسٹ کرنے سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں
انڈونیشیا ارب پتی ایلون مسک کے گروک چیٹ بوٹ پر پابندی عائد کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
گزشتہ روز انڈونیشیا کی حکومت نے ایکس اے آئی کے تیار کردہ اے آئی چیٹ بوٹ گروک کو ان خدشات کے پیش نظر عارضی طور پر بلاک کر دیا ہے کہ یہ ٹول فحش مواد تیارکر کے قانونی اور ثقافتی اصولوں کی خلاف ورزی کرسکتا ہے، اس طرح انڈونیشیا اس ٹول پر پابندی لگانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
ایک بیان میں، انڈونیشیا کے وزیر برائے مواصلات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، میتیا حفید نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ملوث افراد کی رضامندی کے بغیر فحش مواد پر مشتمل جعلی تصاویر کی تخلیق کو ڈیجیٹل اسپیس میں انسانی حقوق، وقار اور شہریوں کی سلامتی کی سنگین خلاف ورزی سمجھتی ہے۔
مواصلات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی وزارت نے اس معاملے پر براہ راست بات چیت کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے حکام کو بھی طلب کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک کی ایپ گروک بچوں کی فحش تصاویر بنانے میں استعمال ہونے کا انکشاف
خدشات کا جواب دیتے ہوئے، ایکس پر ایک پوسٹ میں، ارب پتی ایلون مسک نے کہا کہ جو کوئی بھی گروک کو غیر قانونی مواد بنانے کے لیے استعمال کرتا ہے تو ایسی صورت میں اسے باقاعدہ غیر قانونی مواد پوسٹ کرنے کے برابر نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انڈونیشیا میں، فحش سمجھے جانے والے آن لائن مواد پوسٹ کرنے سے متعلق قوانین انتہائی سخت ہیں، اور گروک کو بلاک کرنے کا یہ عمل عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے لیے ایک اہم پیغام پے۔
دنیا کی سب سے زیادہ آبادی والے مسلم اکثریتی ملک گروک ایپ کے حوالے سے سخت موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس ایپ کے حساس نوعیت کے مواد پر یورپ سے ایشیا تک کی حکومتوں اور ریگولیٹرز کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔
اس سے قبل ایکس اے آئی گروک کے اسٹارٹ اپ نے اعلان کیا تھا کہ وہ امیج بنانے اور ترمیم کرنے والے فیچرز کو محدود کر رہا ہے۔
