شدید دھند کے باعث موٹروے ایم–4 ٹریفک کے لیے بند، موٹروے پولیس
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر دن کے اوقات میں کریں
شدید دھند کے باعث موٹروے ایم–4 کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق ملتان سے ظاہر پیر تک موٹروے کو بند رکھنے کا فیصلہ مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ ایم–4 کا شیر شاہ سے شام کوٹ تک کا حصہ دھند کی شدت کے باعث بند ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ نہ ہونے کے برابر ہو چکی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر دن کے اوقات میں کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ اس کے ساتھ ہی ڈرائیورز کو دورانِ سفر فوگ لائٹس کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔
موٹروے پولیس کے مطابق صورتحال بہتر ہونے پر موٹروے کو مرحلہ وار ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے گا، جبکہ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل تازہ ٹریفک صورتحال معلوم کریں۔
